0

عوام کیلئے خوشخبری: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان

اسلام آباد (نیا محاذ):
ملک میں مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے، جہاں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی امید کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ 15 روز کیلئے پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 80 پیسے فی لٹر کمی کا امکان ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 7 روپے 16 پیسے فی لٹر کمی متوقع ہے، جو کہ گھریلو صارفین کے لیے ایک بڑی ریلیف ہو سکتی ہے۔
تاہم، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کی قیمت موجودہ سطح پر برقرار رہے گی۔
ذرائع کے مطابق اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری کل وزارتِ خزانہ کو ارسال کرے گا، جس کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی اور درآمدی پریمیم میں کمی کی وجہ سے یہ کمی ممکن ہو رہی ہے، جس کا براہ راست فائدہ پاکستانی صارفین کو ملنے کی امید ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں