لاہور (نیا محاذ):قومی کرکٹ ٹیم کے سینئر اور تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مینٹور کی حیثیت سے اپنے استعفے کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دو ہفتے پہلے ہی بورڈ کو اس فیصلے سے آگاہ کر چکے تھے۔
شعیب ملک نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ کرنا میرے لیے آسان نہیں تھا، لیکن ذاتی مصروفیات اور دیگر ذمہ داریوں کی بنا پر مینٹور کی حیثیت سے خدمات جاری رکھنا ممکن نہیں تھا، اس لیے بہتر یہی سمجھا کہ ذمہ داری سے الگ ہو جاؤں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ نئے مینٹور کی تقرری تک، معاہدے کے مطابق اپنی موجودہ ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ انہوں نے پاکستان کے نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو قیمتی اور یادگار قرار دیا۔
شعیب ملک نے واضح کیا کہ “کرکٹ میرے خون میں شامل ہے” اور وہ کسی بھی حیثیت سے پاکستان کرکٹ کی خدمت کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
