اسلام آباد: (نیا محاذ) پاک بحریہ نے وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور دفاعی عزم کی بھرپور عکاسی کرتے ہوئے نیا ملی ترانہ “اے وطن” جاری کر دیا ہے، جو مسلح افواج کے جذبے اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
یہ ترانہ آپریشن بنیان مرصوص میں تینوں مسلح افواج کی شاندار کامیابی کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔ “اے وطن” نہ صرف دشمن کے خلاف یکجہتی اور بہادری کا پیغام ہے بلکہ یہ ترانہ اُن سپاہیوں کو بھی سلام پیش کرتا ہے جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ترانے میں افواجِ پاکستان کے جذبہ قربانی، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی دفاع کے عزم کو اجاگر کیا گیا ہے، جو پوری قوم کے دلوں کو جوش سے بھر دیتا ہے۔ اس ترانے کے ذریعے عوام کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستانی قوم اور اس کی مسلح افواج دفاعِ وطن کے لیے ایک مضبوط دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔
ترانہ “اے وطن” سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور عوام کی جانب سے اسے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
