اسلام آباد: (نیا محاذ) وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کی قیادت میں پاکستان کو ایک عظیم شراکت دار ملا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور امریکا کئی دہائیوں سے قریبی شراکت دار ہیں، دونوں ممالک نے عالمی امن اور سلامتی کے قیام کے لیے ایک ساتھ کام کیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں پاک-امریکا تعلقات میں مزید بہتری آئے گی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی جہت ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے امریکی صدر کے عالمی امن کے فروغ میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا وژن دنیا کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔
