واشنگٹن: (نیا محاذ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن یوکرین کے ساتھ جنگ بندی معاہدے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پیوٹن نے ترکیہ میں جمعرات کو ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے تاکہ یوکرین میں خونریزی کے خاتمے کے امکان پر بات چیت ہو سکے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین کو فوری طور پر اس پیشکش پر رضامند ہونا چاہئے کیونکہ یہ ملاقات اس بات کا تعین کر سکتی ہے کہ آیا امن معاہدہ ممکن ہے یا نہیں۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں میں پیش پیش ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ دونوں ممالک مذاکرات کی میز پر آئیں اور جنگ بندی کے کسی حتمی معاہدے تک پہنچ سکیں۔
