راولپنڈی: (نیا محاذ) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، “آپریشن بنیان مرصوص” کے تحت بھارتی دفاعی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کارروائی بھارت کی حالیہ جارحیت کے ردعمل میں کی گئی جس میں 6 اور 7 مئی کو بچوں اور عورتوں سمیت بےگناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے عوام سے کیا ہوا وعدہ نبھایا اور دشمن کے حملے پر فیصلہ کن ردعمل دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق آپریشن کے دوران بھارت کے 26 اہم دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں دو مقامات پر جدید S-400 فضائی دفاعی نظام بھی تباہ کیا گیا۔ اہداف میں صورت گڑھ، سرسہ، اونتی پورہ، پٹھان کوٹ اور پونچھ جیسے مقامات شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام کارروائیاں مہارت سے کی گئیں تاکہ عام شہریوں کو نقصان نہ پہنچے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی فوج کے مواصلاتی نظام کو بھی مفلوج کیا گیا جبکہ سائبر محاذ پر بھی پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائیاں کیں۔ انہوں نے بتایا کہ براہموس میزائل سٹوریج سٹیشن، جی ٹاپ، اور نوشہرہ جیسے حساس مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے زور دے کر کہا کہ سیزفائر کی خواہش بھارت کی جانب سے ظاہر کی گئی، پاکستان نے کسی بھی قسم کی جنگ بندی کی درخواست نہیں کی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھارتی پائلٹ پاکستانی حراست میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس کئی جدید ہتھیار اور صلاحیتیں موجود ہیں جنہیں مکمل طور پر استعمال نہیں کیا گیا، بعض کو مستقبل کی صورتحال کے لیے محفوظ رکھا گیا ہے۔
پاک فضائیہ نے 0-6 سے برتری حاصل کی: ایئر کموڈور اورنگزیب احمد
پاک فضائیہ کے نمائندہ ایئر کموڈور اورنگزیب احمد نے بتایا کہ پاکستان ایئر فورس نے دشمن کے چھ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور بھارتی جارح طیاروں کو مار گرایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈرونز نے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن پاک فضائیہ نے بروقت اور مؤثر جواب دیا۔
پاک بحریہ نے سمندری سرحدوں کا کامیاب دفاع کیا: وائس ایڈمرل رب نواز
وائس ایڈمرل رب نواز نے کہا کہ بحریہ نے 24 گھنٹے سمندری حدود کی نگرانی کی، تمام بندرگاہیں آپریشنل رکھیں اور تجارتی بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنائی۔ دشمن کی بحری نقل و حرکت پر گہری نظر رکھی گئی اور بھارتی بحری جہاز پاکستانی حدود سے 400 ناٹیکل میل دور رہا۔
ترجمانوں نے مشترکہ طور پر کہا کہ دشمن کو ہر سطح پر جواب دیا گیا ہے اور آئندہ بھی کوئی جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی۔
