اسلام آباد: (نیا محاذ) پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان آج ایک اور اہم رابطہ متوقع ہے، جس کا مقصد کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ رابطہ 10 مئی کو طے پانے والے سیز فائر فیصلے کی روشنی میں ہوگا، جس میں دونوں اطراف کی زمینی، فضائی اور بحری کارروائیوں کے مکمل خاتمے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ گزشتہ رابطے میں بھی فوری جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی۔
تازہ رابطے میں فریقین جنگ بندی کی عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور مستقبل میں کسی قسم کی کشیدگی سے بچنے کے لیے مؤثر میکنزم پر بات چیت کریں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ مذاکرات کسی تیسرے ملک میں منعقد ہو سکتے ہیں اور سعودی عرب کو ممکنہ میزبان ملک کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کرتے ہوئے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پاکستان اور بھارت نے تنازعات کے پرامن حل کیلئے تیسرے فریق کی ثالثی میں مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد یہ رابطے امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔
