0

بہاولپور میں پاک افواج کی کامیابی پر ریلی، شہداء کو خراج تحسین

بہاولپور: (نیا محاذ) بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب اور آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر پاک افواج سے اظہارِ تشکر اور شہدائے بہاولپور کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ڈائریکٹر بہاولپور میوزیم محمد زبیر ربانی کی قیادت میں میوزیم اسٹاف نے فرید گیٹ سے ختم نبوت چوک تک ریلی میں بھرپور شرکت کی۔
ریلی میں شریک افراد نے “پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے اور اپنے غازیوں سے بھرپور یکجہتی اور حب الوطنی کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک افواج کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا تھا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر میوزیم محمد زبیر ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
“افواج پاکستان نے دشمن کو کاری ضرب لگا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ یہ کامیابی صرف عسکری میدان میں نہیں بلکہ اخلاقی اور پیشہ ورانہ میدان میں بھی دشمن پر واضح برتری کا ثبوت ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
“ہمارے شاہینوں نے دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ شجاعت، دلیری اور عسکری مہارت میں پاک فوج کا کوئی ثانی نہیں۔ بھارت نے ہمیشہ ہزیمت اٹھائی ہے لیکن اپنی روایتی ہٹ دھرمی ترک کرنے سے قاصر ہے۔”
ڈائریکٹر زبیر ربانی نے کہا کہ قوم آج بھی اور ہمیشہ پاک افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، اور ملکی دفاع کے ہر مرحلے میں شانہ بشانہ رہے گی۔
یوم فتح و تشکر کی مناسبت سے بہاولپور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے زیر اہتمام نکالی گئی ریلی میں ڈائریکٹر بہاولپور میوزیم محمد زبیر ربانی اپنے ادارے کی نمائندگی کرتے ہوئے میوزیم اسٹاف کے ہمراہ شریک ہیں۔
رپورٹ: نادیہ نورین
آفیسر تعلقات عامہ، بہاولپور میوزیم

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں