0

بھارتی میڈیا کا جھوٹ بے نقاب، جرمن ادارے نے فیک ویڈیوز کا پول کھول دیا

برلن: (نیا محاذ) جرمنی کے معروف نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے نے بھارت کی جانب سے جاری حالیہ پروپیگنڈہ مہم اور سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جعلی ویڈیوز کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شیئر کی گئی کئی ویڈیوز جھوٹ پر مبنی ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ڈوئچے ویلے کے مطابق چند روز قبل ایک بھارتی اکاؤنٹ سے پاکستان کے شہر سیالکوٹ پر مبینہ حملے کی ویڈیو وائرل کی گئی، جسے بھارتی میڈیا نے جنگی کامیابی کے طور پر پیش کیا۔ تاہم فیکٹ چیک میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ ویڈیو ایک ماہ پرانی ہے اور دراصل ممبئی میں گیس سلنڈر دھماکے کی فوٹیج ہے جسے جھوٹے تناظر میں پیش کیا گیا۔
اسی طرح ایک اور جعلی ویڈیو ڈی جی آئی ایس پی آر کے حوالے سے شیئر کی گئی، جو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے ذریعے بنائی گئی تھی۔ ویڈیو میں ان کے اصلی الفاظ کو توڑ مروڑ کر مصنوعی آواز کے ذریعے نیا پیغام بنایا گیا، جو کہ سراسر گمراہ کن تھا۔
مزید برآں، بھارتی سوشل میڈیا پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مبینہ طور پر بھارتی جارحیت کی حمایت کا دعویٰ کیا گیا، جس کے لیے ایک فیک ویڈیو شیئر کی گئی۔ ڈوئچے ویلے نے واضح کیا کہ یہ ویڈیو بھی AI ٹیکنالوجی سے بنائی گئی ہے اور صدر ٹرمپ نے ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ جھوٹی خبریں اور فیک ویڈیوز سوشل میڈیا پر خطرناک حد تک پھیلائی جا رہی ہیں، جو نہ صرف غلط معلومات پر مبنی ہیں بلکہ عوام کو اشتعال دلانے اور اشتعال انگیزی پھیلانے کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔ ادارے نے زور دیا کہ ایسی ویڈیوز شیئر کرنے سے پہلے فیکٹ چیک لازمی کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں