اسلام آباد: (نیا محاذ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور، سوات، مردان، نوشہرہ، صوابی اور ملحقہ علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.3 ریکٹر اسکیل پر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 230 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے کوہ ہندوکش کا علاقہ بتایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ وہاں زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی صرف 20 کلومیٹر تھی۔ مرکز کوئٹہ سے 160 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔
زلزلے کے بعد شہری گھبراہٹ میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
