ممبئی: (نیا محاذ) پاکستان کی جانب سے آپریشن بُنیانُ مَّرْصُوْص شروع ہونے کے بعد بھارتی حکومت نے حفاظتی اقدامات کے تحت شمالی اور مغربی بھارت کے 32 اہم ہوائی اڈے 14 مئی تک بند کر دیے ہیں۔
بھارتی وزارتِ شہری ہوا بازی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا (AAI) اور دیگر متعلقہ ایوی ایشن اداروں نے متعدد نوٹسز جاری کیے ہیں جن میں واضح کیا گیا ہے کہ سول پروازوں کی سرگرمیاں اس مدت کے دوران معطل رہیں گی۔
جن ہوائی اڈوں کو بند کیا گیا ہے ان میں ادھم پور، انبالہ، امرتسر، اونتی پور، بھٹنڈا، بھوج، بیکانیر، چندی گڑھ، ہلوارا، ہندن، جیسلمیر، جموں، جام نگر، جودھ پور، کانگڑا (گگل)، لدھیانہ، پٹیالہ، سری نگر، شملہ، لیہہ، راجکوٹ، پوربندر، منالی (بھونتر)، کیشود، کشن گڑھ، اترلائی، تھوئس، سرساوا اور دیگر شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس بندش کا مقصد حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ تمام ایئرلائنز اور فلائٹ آپریٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متبادل راستوں کی منصوبہ بندی کریں تاکہ ایئر ٹریفک میں کم سے کم خلل پیدا ہو۔ ایئر ٹریفک کنٹرول یونٹس اس بندش کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ پاکستان کی جوابی کارروائیوں اور بھارت پر ممکنہ خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے، جس سے خطے میں فضائی نقل و حمل بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
