کراچی: (نیا محاذ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا ہے کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے دوران 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مجموعی ذخائر کی مالیت 15 ارب 25 کروڑ 18 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 25 اپریل 2025 تک سرکاری ذخائر کی مالیت 10 ارب 21 کروڑ 44 لاکھ ڈالر ہو چکی ہے، جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود ذخائر 5 ارب 3 کروڑ 74 لاکھ ڈالر ہیں، جو مجموعی ذخائر میں شامل کیے گئے ہیں۔
ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں معمولی اضافہ معاشی استحکام کی جانب ایک مثبت اشارہ ضرور ہے، تاہم طویل المدتی بہتری کے لیے مستقل مالیاتی پالیسیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت ہے۔
