کراچی: (نیا محاذ) شہر قائد میں پولیس نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو مبینہ مقابلے میں ہلاک کر دیا۔ واقعہ نے شہر بھر میں خوف کی فضا پیدا کر دی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم قاسم، ڈیفنس کے علاقے میں عیدالفطر کے تیسرے روز شہری شاکر سلطان کے قتل میں ملوث تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب شاکر سلطان اپنے کمسن بیٹے کے ساتھ موجود تھے اور ڈکیتی کی کوشش پر مزاحمت کی، جس پر ملزم نے نہایت بے رحمی سے فائرنگ کر کے انہیں قتل کر دیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس کے پاس موجود ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم واردات کے دوران کس طرح فائرنگ کرتا ہے۔ پولیس نے کارروائی میں ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے، جس کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ اہل علاقہ نے پولیس کی اس کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فرار ملزم کو بھی جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔
