اسلام آباد: (نیا محاذ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پاک بھارت کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 24 سے 36 گھنٹے نہایت اہم ہیں، کیونکہ مستند اطلاعات کے مطابق بھارت پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی صورت میں پاکستان کی طرف سے یقینی اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بھارت کے خطے میں خود ساختہ منصف، مدعی اور جلاد بننے کے رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بھارت کے ایسے اقدامات خطے میں مزید کشیدگی کو ہوا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور بھارت کو شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر کوئی کارروائی کی تو اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کی صورت میں تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی، اور پاکستان اس کا بھرپور جواب دے گا۔
