واشنگٹن: (نیا محاذ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کینیڈا کے نومنتخب وزیر اعظم مارک کارنی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ ترقی کے راستے ہموار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
کینیڈین میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے مارک کارنی کو عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور دونوں رہنماؤں کے درمیان جلد ملاقات کی امید ظاہر کی گئی۔ ذرائع کے مطابق کینیڈا اور امریکا نے باہمی رضا مندی سے باہمی تعاون بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
کینیڈین انتخابات میں لبرل پارٹی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کیں اور نئی مخلوط حکومت بنانے کا اعلان کیا۔ مارک کارنی نے کامیابی کے بعد وزیراعظم بننے کا اعلان کیا تھا، وہ جلد اپنی حکومت کی تشکیل دیں گے۔
اس ملاقات اور رابطے کو شمالی امریکا کے خطے میں تجارتی، اقتصادی اور سکیورٹی امور میں نئے امکانات کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
