اسلام آباد: (نیا محاذ) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر اہم سفارتی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے متعدد عالمی رہنماؤں سے رابطے کیے اور خطے کی نازک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی پر گفتگو ہوئی۔ متحدہ عرب امارات نے مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل پر زور دیا۔
اس کے علاوہ اسحاق ڈار نے برطانیہ، چین، سعودی عرب، ترکیہ، ایران، مصر، بحرین، قطر اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطہ کیا اور انہیں بھارت کی جانب سے لگائے گئے جھوٹے الزامات، اشتعال انگیز اقدامات اور خطے میں امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے ان ممالک کو نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ پاکستان ہر قسم کے بھارتی پروپیگنڈے اور یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرتا ہے۔
وزیر خارجہ نے ہنگری کے وزیر خارجہ سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں خطے کی صورتحال، بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور پاکستان کی امن و استحکام کے فروغ کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ ہنگری نے بھی مسائل کے حل کے لیے بات چیت کی حمایت کی۔
دوسری جانب کویت نے پاکستان کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ کویتی وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور بھارت کے یکطرفہ اقدامات کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی حمایت کا اظہار کیا۔
