نیا محاذ: ٹورنٹو — کینیڈا میں نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں ووٹنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے، اور ابتدائی نتائج کے مطابق وزیر اعظم مارک کارنی کی لبرل پارٹی کو برتری حاصل ہے۔
پیر کے روز صبح 9 بجے سے رات9 بجے تک ووٹنگ کا عمل جاری رہا، جس میں لاکھوں کینیڈین شہریوں نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ 343 نشستوں پر مشتمل ایوان میں حکومت بنانے کے لیے کسی بھی پارٹی کو کم از کم 172 نشستیں درکار ہیں۔
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق، لبرل پارٹی کو 158 جبکہ کنزرویٹو پارٹی کو 143 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ بلاک کیوبک کو 24 اور این ڈی پی کو 10 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ سی بی سی اور سی ٹی وی نیوز سمیت متعدد معتبر میڈیا اداروں نے پیشگوئی کی ہے کہ لبرل پارٹی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی، تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ اسے مکمل اکثریت حاصل ہوگی یا نہیں۔
الیکشن سے قبل لبرل پارٹی کے پاس 152 جبکہ کنزرویٹو پارٹی کے پاس 120 نشستیں تھیں۔ بلاک کیوبک کے پاس 33 اور این ڈی پی کے پاس 24 نشستیں تھیں۔
یہ انتخابات ایک اہم وقت پر منعقد ہوئے، جب عوام میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، رہائش کی قلت، 6.7 فیصد کی بے روزگاری کی شرح اور صحت کی سہولیات تک محدود رسائی جیسے مسائل چھائے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا پر عائد تجارتی ٹیرف بھی ووٹرز کے فیصلے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
