0

چین کا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کا اعلان

نیا محاذ: اسلام آباد — چین نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔ یہ اعلان چینی وزیر خارجہ وانگ ای اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے دوران سامنے آیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی اور پہلگام واقعے پر چینی ہم منصب کو تفصیلی بریفنگ دی۔ چین نے پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کے مطالبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر معاملے کو سنجیدگی اور ذمہ داری سے نمٹانے کے عزم پر کاربند ہے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا حامی رہا ہے۔
وانگ ای نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک اور پورے خطے کے امن کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں