نیا محاذ: لاہور — پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے دو میچوں کے شیڈول میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق یکم مئی کو ملتان کا میچ لاہور منتقل کر دیا گیا ہے، اور اس دن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں سہ پہر تین بجے کھیلا جائے گا۔
ابتداء میں یہ میچ ملتان سٹیڈیم میں شیڈول تھا، لیکن اب یکم مئی کو قذافی سٹیڈیم میں ڈبل ہیڈر میچز ہوں گے۔ اس دن رات کے وقت لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان بھی میچ کھیلا جائے گا۔
اس کے علاوہ، 11 مئی کو ملتان میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ ہو گا، جو پہلے 10 مئی کو ملتان میں شیڈول تھا۔ پی سی بی کے مطابق یہ تبدیلی آپریشنل آسانی اور حالیہ ہیٹ ویو کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
پی سی بی نے مزید کہا کہ یکم مئی کو ملتان کے میچ کے ٹکٹ واپس کر دیے جائیں گے، اور لاہور میں یکم مئی کے ٹکٹ ہولڈرز اب ڈبل ہیڈر میچز کا لطف اٹھا سکیں گے۔ ملتان میں 10 مئی کے میچ کے ٹکٹ 11 مئی کو کارآمد ہوں گے۔
