نیا محاذ: لاہور — جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر بھارت کو پہلگام واقعے پر افسوس ہے تو پاکستان کو بھی افسوس ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ نریندر مودی اسرائیل کا حامی بن کر مظلوموں کے خلاف کھڑا ہے۔
لاہور میں ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان پر بھارت کے بزدلانہ حملے کی ایک طویل تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے لاہوریوں نے ماضی میں بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دشمن کو ڈنڈے مار کر بھگایا، یہ تاریخ کا حصہ ہے۔ مولانا کا کہنا تھا کہ اس بار مودی کو ایسا سبق سکھایا جائے گا کہ وہ ماضی کے تمام زخم بھول جائے گا۔
اپنے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے اسرائیل کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کوئی حقیقی ریاست نہیں بلکہ اس نے فلسطین پر زبردستی قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اس ناجائز قبضے کا حامی ہے جبکہ فلسطینی عوام اپنی آزادی کے لیے محاذ جنگ پر قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور عالمی عدالت انصاف نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے اس کی گرفتاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔
