نیا محاذ: نیویارک — امریکی انٹرنیٹ کمپنی یاہو نے گوگل کے مقبول کروم براؤزر کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔ امریکی محکمہ انصاف گوگل کی اجارہ داری کو ختم کرنے کے لیے اس پر کروم براؤزر فروخت کرنے کا دباؤ ڈال رہا ہے۔
چند ماہ قبل امریکی محکمہ انصاف نے وفاقی عدالت کو یہ تجویز پیش کی تھی کہ گوگل کو اپنے کروم براؤزر کو فروخت کرنا چاہیے۔ ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق، یاہو کے مالک نے اس براؤزر کو خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
سینئر ایگزیکٹو کے مطابق، اگر وفاقی عدالت نے گوگل کو کروم براؤزر فروخت کرنے کا حکم دیا، تو یاہو کی کمپنی اس خریداری کے لیے بولی لگائے گی۔ برائن پرووسٹ، جو یاہو سرچ کے جنرل منیجر ہیں، نے دو روز قبل واشنگٹن میں گوگل ٹرائل کے دوران کہا کہ ان کی کمپنی کا اندازہ ہے کہ کروم براؤزر کی فروخت کی قیمت 10 ارب ڈالر سے زائد ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یاہو اور اپالو گلوبل اس خریداری کے لیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ یاہو، جو کہ 2000 کی دہائی کے اوائل میں سرفہرست سرچ انجن تھا، 2021 میں اپالو گلوبل کے ذریعے Verizon Communications Inc سے خریدا گیا تھا۔
