راولپنڈی (نیا محاذ) – سانحہ 9 مئی سے متعلق مقدمات میں اڈیالہ جیل میں جاری ٹرائل ایک بار پھر منسوخ کر دیا گیا، انسداد دہشت گردی عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے 3 مئی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی عدالت میں 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، سرکاری پراسیکیوٹرز اور ملزمان کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران حاضر ملزمان میں مقدمات کی نقول تقسیم کی گئیں۔
عدالتی کارروائی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی عدالتی روبکار پر حاضری لگائی گئی، جب کہ دیگر ملزمان کی جانب سے پیش کی گئی حاضری معافی کی درخواستیں بھی منظور کر لی گئیں۔
عدالت نے تین مقدمات میں 3 مئی کو فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیتے ہوئے باقی دس مقدمات کے چالان آئندہ سماعت پر طلب کر لیے۔ اس کے ساتھ عدالت نے تمام 13 مقدمات کی سماعت 3 مئی تک ملتوی کر دی۔
شیخ رشید کا میڈیا سے گفتگو میں بھارت پر سخت ردعمل
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی بھارت کے گھمنڈ کی عکاسی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ملک میں داخلی مسائل موجود ہیں مگر پاکستان کی سلامتی کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم پاکستان کے لیے زندہ ہے اور ضرورت پڑنے پر اپنے وطن کے تحفظ کے لیے جان بھی قربان کرے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ملک کی سالمیت کے لیے قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہے۔
