واشنگٹن (نیا محاذ) – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات ہمیشہ سے کشیدہ رہے ہیں اور دونوں ممالک کو اپنے مسائل خود حل کرنے چاہئیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت دونوں کے رہنماؤں کو ذاتی طور پر جانتے ہیں اور پُرامید ہیں کہ یہ دونوں ممالک کسی نہ کسی طرح اپنے تعلقات بہتر بنانے کی راہ نکال لیں گے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ دو دہائیوں کے دوران اپنی بدترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ تاہم انہوں نے دونوں ممالک کے رہنماؤں سے رابطے کے سوال پر کوئی واضح جواب دینے سے گریز کیا۔
دلچسپ بات یہ رہی کہ امریکی صدر کشمیر تنازع کی تاریخی حیثیت سے لاعلم دکھائی دیے اور اسے 1500 سال پرانا تنازع قرار دے دیا۔ اس کے باوجود انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت اپنے اختلافات کو آپس میں حل کر لیں گے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ دونوں ممالک کے بہت قریب ہیں اور چاہتے ہیں کہ خطے میں امن قائم ہو۔
