0

واٹس ایپ پر میٹا کا اے آئی اسسٹنٹ صارفین کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا

کیلیفورنیا (نیا محاذ) – واٹس ایپ پر میٹا کی جانب سے متعارف کرایا گیا نیا اے آئی اسسٹنٹ فیچر دنیا بھر میں صارفین کی پریشانی کا باعث بن رہا ہے، خصوصاً یورپی صارفین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صارفین نے شکایت کی ہے کہ ایپ میں ایک نیلے رنگ کا مستقل دائرہ نما AI اسسٹنٹ بطور ڈیفالٹ ظاہر ہوتا ہے جسے نہ تو ہٹایا جا سکتا ہے اور نہ ہی غیرفعال کیا جا سکتا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ فیچر ان کی خود مختاری اور پرائیویسی پر سوالات اٹھا رہا ہے۔
میٹا کا دعویٰ ہے کہ یہ اے آئی اسسٹنٹ مکمل طور پر اختیاری ہے، جو سوالات کے جوابات دینے، تصاویر تخلیق کرنے اور معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم، بہت سے صارفین اس کے جبری انضمام کو ایک غیر ضروری مداخلت قرار دے رہے ہیں۔
پرائیویسی کے ماہرین نے بھی اس اقدام پر تنقید کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ صارفین کا ڈیٹا میٹا کے ماڈلز کو تربیت دینے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جو رازداری کے لیے ایک سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ تربیتی ڈیٹا میں ذاتی معلومات یا غیر قانونی مواد بھی شامل ہو سکتا ہے، جو ڈیٹا کے ممکنہ غلط استعمال کے خدشات کو بڑھاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں