0

امریکی صدر کا حیران کن یوٹرن: ٹرمپ کا چین سے تجارتی معاہدے کا اعلان

واشنگٹن: (نیا محاذ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے متعلق اپنے سخت مؤقف سے ایک بڑا یوٹرن لیتے ہوئے تجارتی معاہدہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے اور امریکہ ایک اہم تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ چین کے پاس اب کوئی اور راستہ نہیں بچا، اسے بالآخر امریکہ کے ساتھ معاہدہ کرنا ہی پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر چین کی جانب سے معاہدہ نہ بھی کیا گیا تو امریکہ خود ایک مضبوط تجارتی ڈیل طے کرے گا، کیونکہ ہم چین کے ساتھ بہتر انداز میں ڈیلنگ کی تیاری کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چین پر عائد ٹیرف کو 145 فیصد تک نہیں بڑھایا جائے گا، اور نہ ہی یہ صفر پر لایا جائے گا۔ ان کے مطابق، اس معاملے میں اعتدال کی پالیسی اپنائی جائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ ٹرمپ نے کرپٹو کرنسی سے متعلق بھی اہم بات کی، ان کا کہنا تھا کہ اس شعبے کو ریگولیٹری استحکام کی اشد ضرورت ہے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔
جب ان سے فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول کی برطرفی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے واضح کیا کہ ان کا فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ٹرمپ کے اس یوٹرن کو امریکی تجارتی پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکہ اور چین کے درمیان تعلقات کئی برسوں سے کشیدہ چلے آ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں