کراچی (نیا محاذ) — پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں کراچی کنگز کے تجربہ کار فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ وہ اس ایونٹ میں بہترین بولر بننے کے خواہش مند ہیں، لیکن ان کی اصل توجہ ٹیم کو فتح دلانے پر مرکوز ہے۔
ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ اس وقت ان کی فارم اچھی ہے اور وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا، “مجھے وکٹیں مل رہی ہیں، اور میں جانتا ہوں کہ این سی اے میں کی گئی محنت رنگ لا رہی ہے۔ پہلے نیشنل ٹی 20 میں اچھا پرفارم کیا اور اب پی ایس ایل میں بھی اسی محنت کا صلہ مل رہا ہے۔”
حسن علی نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم ایک مضبوط یونٹ ہے اور سب کھلاڑی جیت کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انفرادی کارکردگی ٹیم کی جیت میں مدد دے، تو یہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہے۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ حسن علی کا تجربہ اور جارحانہ بولنگ کراچی کنگز کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر ٹورنامنٹ کے اہم میچز میں۔
