0

پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد نیا پوپ کون ہوگا؟ ممکنہ امیدواروں کی فہرست سامنے آ گئی

ویٹی کن سٹی (نیا محاذ) — رومن کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد دنیا بھر میں یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ اب اگلا پوپ کون ہوگا؟ ویٹی کن کے قریبی ذرائع نے ممکنہ امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری کر دی ہے۔
نئے پوپ کے لیے جن کارڈینلز کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، ان میں سرفہرست اٹلی کے کارڈینل پیٹرو پیرولن ہیں، جو ویٹی کن کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ گھانا سے تعلق رکھنے والے کارڈینل پیٹر ٹرکسن، فلپائن کے کارڈینل لوئس انتونیو ٹیگل، ہنگری کے کارڈینل پیٹر ایرڈو اور یوکرین کے کارڈینل میکولا بیچوک کے نام بھی زیر غور ہیں۔
پوپ فرانسس رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی سربراہ تھے، جو 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ 2013 میں پوپ منتخب ہوئے اور اپنی 12 سالہ قیادت کے دوران انہوں نے نہ صرف چرچ کی پالیسیوں میں جدت لائی بلکہ دنیا بھر کے مظلوم طبقات کے لیے آواز بھی بلند کی۔ وہ مختلف بیماریوں کے باعث طویل عرصے سے زیر علاج تھے، تاہم چند روز قبل ہی ہسپتال سے فارغ ہوئے تھے اور ایسٹر کے موقع پر عوامی ملاقاتیں بھی کی تھیں۔
دنیا بھر کے کیتھولک عیسائی اس وقت نئے پوپ کے انتخاب کے منتظر ہیں، جو چرچ کی اگلی رہنمائی کا بیڑا اٹھائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں