لاہور (نیا محاذ) — پاکستان کی خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ کومل میر نے اپنے وزن میں حالیہ اضافے اور اس پر ہونے والی سوشل میڈیا تنقید کا کھل کر جواب دے دیا ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ لوگوں کی تنقید کے باوجود وہ خود سے مطمئن ہیں اور اب پہلے سے زیادہ بااعتماد محسوس کرتی ہیں۔
کومل میر ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں مہمان کے طور پر شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے وزن میں اچانک اضافے کے موضوع پر کھل کر بات کی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’’میرا صرف 6 کلو وزن بڑھا ہے، مگر یہ تیزی سے بڑھا جس پر لوگ حیران ہو گئے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’وزن میں تبدیلی کے بعد مجھے اپنی ذات کو قبول کرنے اور خود اعتمادی پیدا کرنے کا موقع ملا۔ اب میں بہتر محسوس کرتی ہوں اور تنقید مجھے مزید مضبوط بنا رہی ہے۔‘‘
کومل میر کے مداحوں نے ان کے اس مثبت اور حوصلہ افزا رویے کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ اداکارہ نے معاشرتی دباؤ کا جس انداز سے سامنا کیا، وہ دوسرے نوجوانوں کے لیے بھی ایک مثال ہے۔
