0

ٹک ٹاک کی مقبولیت میٹا کے لیے خطرہ بن گئی، مارک زکربرگ کا اعتراف

نیا محاذ: سوشل میڈیا کی دنیا میں سخت مقابلے کے درمیان میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے بالآخر تسلیم کر لیا ہے کہ ٹک ٹاک ان کی کمپنی کے لیے ایک سنجیدہ خطرہ بن چکی ہے۔
یہ بیان انہوں نے حالیہ دنوں امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن (FTC) کی جانب سے دائر ایک مقدمے کی سماعت کے دوران دیا۔ مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ 2018 سے ہی ٹک ٹاک میٹا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور یہ ایپ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے ایک بڑی مسابقتی چیلنج ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ بائیٹ ڈانس کی زیرملکیت ٹک ٹاک نے میٹا کی ترقی کی رفتار کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے، اور کمپنی کی شرح نمو میں ڈرامائی کمی آئی ہے۔
مارک زکربرگ کے مطابق، ٹک ٹاک نے اپنی مقبولیت کا سفر اس وقت شروع کیا جب 2017 میں بائیٹ ڈانس نے “میوزیکلی” نامی ایپ کو خریدا اور 2018 میں اسے ٹک ٹاک میں ضم کر دیا، اس کے بعد سے اس کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹک ٹاک کے ابھار کے بعد میٹا نے اپنی ایپس — جیسے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ — کے انفرادی صارفین کی تعداد بتانا بند کر دی، اور صرف مجموعی اعداد و شمار جاری کیے جانے لگے، جسے ماہرین فیس بک کی گرتی ہوئی کارکردگی کو چھپانے کی حکمت عملی قرار دے رہے ہیں۔
یہ اعتراف اس بات کی علامت ہے کہ ٹک ٹاک نہ صرف نوجوانوں بلکہ سوشل میڈیا مارکیٹ پر بھی اپنی گہری چھاپ چھوڑ چکی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں