نیا محاذ: دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک اور انقلابی فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر لی ہے، جس کے تحت اب چیٹ میسجز اور چینل اپ ڈیٹس کا ترجمہ بھی ممکن ہوگا — وہ بھی بغیر انٹرنیٹ کنکشن کے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق یہ ٹرانسلیشن فیچر فی الحال بیٹا ورژن استعمال کرنے والے کچھ صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم جلد ہی یہ دیگر بیٹا صارفین کو بھی دستیاب کر دیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر یہ فیچر اسپینش، عربی، پرتگیز، ہندی اور روسی زبانوں کو سپورٹ کرے گا۔
اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ صارفین مطلوبہ زبان کا لینگوئج پیک ڈاؤن لوڈ کرکے بغیر انٹرنیٹ کے بھی ترجمہ حاصل کر سکیں گے۔ ایک بار لینگوئج پیک انسٹال ہونے کے بعد یہ خودکار طریقے سے پیغامات کی زبان کو پہچان کر ان کا ترجمہ کرے گا۔
صارفین سیٹنگز کے چیٹ سیکشن میں جا کر یہ فیچر خود ان ایبل کر سکیں گے، اور وہاں سے یہ بھی طے کر سکیں گے کہ کس زبان کے پیغامات کا ترجمہ خودکار طور پر ہونا چاہیے۔ یہ فیچر ون آن ون چیٹس اور گروپ چیٹس دونوں میں کام کرے گا۔
اگر کوئی صارف خودکار ترجمے سے گریز کرنا چاہے تو وہ کسی مخصوص میسج پر کلک کرکے دستی طور پر Translate آپشن سے ترجمہ حاصل کر سکتا ہے۔
تاہم واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ اس فیچر کے ترجمے کی درستگی پر مکمل انحصار نہ کیا جائے، کیونکہ ابتدائی طور پر یہ ہلکے وزن کے لینگوئج پیکس پر کام کرے گا۔ البتہ صارفین کے فیڈبیک کی بنیاد پر اس فیچر کو وقت کے ساتھ بہتر بنایا جائے گا۔
