کراچی (نیا محاذ) – اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 685 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لیں اور 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق یہ کارروائیاں سیالکوٹ، لاہور، پشین، کراچی، سکھر اور پشاور میں عمل میں لائی گئیں، جن میں افیون، چرس، ہیروئن، آئس اور نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ضبط شدہ منشیات کی تفصیلات کچھ یوں ہیں:
612 کلوگرام افیون، 62 کلوگرام چرس، 9.6 کلوگرام ہیروئن، 1.3 کلوگرام آئس اور 100 گرام نشہ آور گولیاں۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات سپلائی کر رہے تھے۔ فورس نے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ منشیات کی لعنت کے خلاف جنگ جاری ہے اور نوجوانوں کو اس خطرناک دلدل سے بچانے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
