اسلام آباد (نیا محاذ) –مختلف شہروں میں طوفانی بارش: ملک بھر میں موسم کی شدت میں اضافہ، آج اور کل مختلف علاقوں میں طوفانی بارش، ژالہ باری اور برفباری کی پیش گوئی کر دی گئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے شدید موسمی حالات کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آنے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا میں بھی موسم کی صورتحال انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے۔ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں، چارسدہ، کرک، سوات، پشاور، مردان اور نوشہرہ سمیت متعدد علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں نکاسی آب کا نظام کمزور ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی تبدیلیوں سے باخبر رہیں۔
NDMA نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ NDMA ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ بروقت معلومات حاصل کی جا سکیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔
