0

ایران میں جاں بحق ہونے والے 8 پاکستانیوں کی لاشیں بہاولپور پہنچا دی گئیں

بہاولپور – نیا محاذ:ایران میں جاں بحق ہونے والے: ایران کے شہر سیستان میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے آٹھ پاکستانی شہریوں کی میتیں خصوصی طیارے کے ذریعے بہاولپور ایئرپورٹ پہنچا دی گئیں، جہاں غمزدہ ورثا کے سپرد کر دی گئیں۔
فائرنگ کے اس دلخراش واقعے میں جان کی بازی ہارنے والوں میں دانش، دلشاد، جعفر، ناصر، نعیم، محمد خالد اور محمد جمشید شامل ہیں۔ جاں بحق افراد میں سے پانچ کا تعلق بہاولپور کے علاقے خانقاہ شریف سے تھا، دو کا تعلق احمدپور شرقیہ سے جبکہ ایک مقتول کا تعلق مسافر خانہ سے تھا۔
احمد پور شرقیہ کے مقتولین کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جبکہ دیگر کی تدفین کی تیاریاں جاری ہیں۔ علاقے میں سوگ کی فضا طاری ہے، اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔
ایرانی حکومت کا اظہار افسوس، انصاف کی یقین دہانی
ایران میں پیش آنے والے اس واقعے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی شہریوں کے بہیمانہ قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا اور یقین دلایا کہ ذمہ داروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ سیستان کے علاقے میں پیش آیا جہاں مزدوری کی غرض سے مقیم آٹھ پاکستانی شہریوں کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں