0

چین اور امریکا کے درمیان تجارتی تناؤ شدت اختیار کر گیا، بوئنگ طیاروں کی خریداری پر پابندی

بیجنگ: (نیا محاذ)چین اور امریکا : عالمی سطح پر اقتصادی تعلقات میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، اور اس بار میدانِ مقابلہ بن گیا ہے چین اور امریکا کے درمیان بڑھتا ہوا تجارتی تنازع۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، چین نے اپنی ایئر لائن کمپنیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اب مزید امریکی ساختہ بوئنگ طیارے نہ خریدیں، بلکہ امریکی کمپنیوں سے کوئی آلات یا سپیئر پارٹس بھی حاصل نہ کیے جائیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ فیصلہ چین کی حکومت کی جانب سے اس وقت سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی کشیدگی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ یہ قدم دراصل امریکا کی جانب سے لگائے جانے والے معاشی دباؤ کا جواب تصور کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ ان کی پالیسی کا مرکزی نکتہ امریکی مصنوعات کو فروغ دینا اور چین پر معاشی دباؤ ڈالنا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ “چین جو ہمارے ساتھ بدترین سلوک کرتا ہے، وہ ٹیرف سے بچ نہیں پائے گا، ہم اپنی تمام مصنوعات خود تیار کریں گے۔”
ماہرین کے مطابق چین کی جانب سے یہ فیصلہ صرف بوئنگ کمپنی کو ہی نہیں، بلکہ مجموعی طور پر امریکی معیشت کے کئی شعبوں کو متاثر کر سکتا ہے، خصوصاً ہوا بازی کی صنعت جہاں امریکی کمپنیاں کئی برسوں سے چین کی بڑی منڈی پر انحصار کر رہی ہیں۔
دونوں عالمی طاقتوں کے درمیان اس تجارتی کشمکش نے عالمی منڈیوں میں بے چینی کو جنم دیا ہے، اور اقتصادی ماہرین آنے والے دنوں میں اس کشیدگی کے مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔
رپورٹ: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں