0

پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز کی کراچی کنگز پر شاندار فتح، 65 رنز سے دھول چٹا دی

کراچی: (نیا محاذ)پی ایس ایل 10: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے روایتی حریف کراچی کنگز کو ایک یکطرفہ مقابلے میں 65 رنز سے شکست دے دی۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور قلندرز نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں اپنی برتری ثابت کی۔
میچ کا آغاز لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے کیا۔ لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ اوپنر فخر زمان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 76 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیرل مچل نے 75 رنز کی شاندار اننگز کے ذریعے اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ دیگر بلے بازوں میں سیم بلنگز 19، محمد نعیم 7، عبداللہ شفیق 6، رشاد حسین 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سکندر رضا 10 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے بولنگ میں حسن علی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عباس آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم صرف 136 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اننگز کی ابتدا ہی مایوس کن رہی جب کپتان ڈیوڈ وارنر دوسری گیند پر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی گئیں۔ خوشدل شاہ نے سب سے زیادہ 39 رنز بنائے جبکہ حسن علی نے 27 اور ٹم سیفرٹ و شان مسعود نے 18، 18 رنز اسکور کیے۔ دیگر کھلاڑیوں میں عرفان خان 6، عباس آفریدی ایک اور جیمز ونس و عرفان منہاس بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی اور رشاد حسین نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سکندر رضا نے 2 جبکہ آصف آفریدی اور حارث رؤف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز کی یہ فتح نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر ان کے لیے اہم ثابت ہوئی بلکہ روایتی حریف کراچی کنگز کے خلاف ایک مضبوط پیغام بھی دے گئی۔
رپورٹ: نیا محاذ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں