0

مالی خواندگی کے فروغ کی جانب اہم قدم، اسٹیٹ بینک بہاولپور کا نایاب سکے بہاولپور میوزیم کو عطیہ

بہاولپور: (نیا محاذ) مالی خواندگی کے فروغ کی جانب :بہاولپور میوزیم میں مالی خواندگی ہفتہ کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کا مقصد مالیاتی شعور اجاگر کرنا اور قومی ثقافتی ورثے کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان بہاولپور کی جانب سے میوزیم کو 1947 سے اب تک جاری ہونے والے یادگاری اور ریگولر سکوں کے دو خوبصورت فریم بطور عطیہ پیش کیے گئے۔
یہ فریم پاکستان میں سکوں کے ارتقائی سفر کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں اور میوزیم کی زینت بنیں گے۔ تقریب میں اعلیٰ تعلیمی، سرکاری، تجارتی اور سماجی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی جن میں صدر چیمبر آف کامرس ظفر شریف، ان لینڈ ریونیو آفیسر سید تنصیر الحسن ترمذی، اور اسلامیہ یونیورسٹی کی ڈین روبینہ بھٹی شامل تھیں۔
مہمان خصوصی روبینہ بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکے کسی بھی قوم کی مالی تاریخ کے گواہ ہوتے ہیں، اور اسٹیٹ بینک کا یہ اقدام نئی نسل کو اپنی تاریخ سے جوڑنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس اقدام کو جنوبی پنجاب کے واحد میوزیم کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر بہاولپور میوزیم محمد زبیر ربانی نے اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سکے نہ صرف مالیاتی معلومات کا ذریعہ ہیں بلکہ ثقافتی ورثے کی حفاظت کا بھی اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں ان سکوں کو میوزیم میں سکہ جات گیلری کا مستقل حصہ بنایا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک بہاولپور کے چیف مینجر عبداللہ خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ مالی خواندگی کے فروغ کے لیے تاریخی اور ثقافتی اداروں کے ساتھ اشتراک وقت کی ضرورت ہے تاکہ عوام میں مالیاتی فہم کو عام کیا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر ان لینڈ ریونیو آفیسر سید تنصیر الحسن ترمذی نے اسٹیٹ بینک کے چیف مینجر کو شیلڈ پیش کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض شکیلہ بلوچ نے انجام دیے۔
کیپشن: بہاولپور میوزیم میں ہونے والی تقریب میں اسٹیٹ بینک بہاولپور کے چیف مینجر عبداللہ خان، میوزیم کے ڈائریکٹر محمد زبیر ربانی کو یادگاری سکے پیش کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں