لاہور (نیا محاذ) –خلیل الرحمان قمر : انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کر کے تاوان لینے کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تین ملزمان کو 7، 7 سال قید کی سزا سنادی ہے۔
عدالت کے جج ارشد جاوید نے مجرمہ آمنہ عروج، ممنون حیدر اور ذیشان کو تاوان کے الزام میں سزا سنائی جبکہ اغوا کا الزام ثابت نہ ہونے پر مقدمے کے دیگر ملزمان کو بری کر دیا گیا۔ عدالت نے فیصلے میں واضح کیا کہ اغوا کا الزام ثابت نہیں ہو سکا تاہم تاوان کا مطالبہ ثابت ہوا، جس کی بنیاد پر تینوں مجرموں کو سزا سنائی گئی۔
مدعی خلیل الرحمان قمر کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد مدثر چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔ واقعہ 15 جولائی 2024 کو پیش آیا تھا جبکہ مقدمہ 21 جولائی کو تھانہ سندر میں درج کیا گیا۔ پولیس نے 11 ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں پیش کیا۔
کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے 9 ماہ میں ٹرائل مکمل کیا، پراسکیوشن کی جانب سے 17 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے جن میں خلیل الرحمان قمر، ان کا قریبی دوست، پولیس افسران اور بینک اہلکار شامل تھے۔
یہ کیس پاکستانی عدالتی نظام میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں مشہور شخصیات کو نشانہ بنانے والے ہنی ٹریپ گروہوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
