0

محبوبہ سے انتقام: بھارتی نوجوان نے 300 آن لائن پارسل بھیج کر گرفتاری کروا لی

ممبئی: (نیا محاذ) محبوبہ سے انتقام :بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ایک نوجوان کو اپنی سابق محبوبہ کے گھر 300 کیش آن ڈیلیوری پارسل بھیجنے پر پولیس نے گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 25 سالہ سمن سکندر نے اپنی سابق گرل فرینڈ نادیہ کے ساتھ بریک اپ کے بعد اسے ذہنی اذیت پہنچانے کے لیے مسلسل چار ماہ تک آن لائن شاپنگ ویب سائٹس جیسے ایمیزون اور فلپ کارٹ سے 300 کے قریب کیش آن ڈیلیوری پارسلز اس کے پتے پر بھجوائے۔
24 سالہ نادیہ، جو ایک بینک میں ملازمت کرتی ہیں، اس غیر معمولی صورتحال سے پریشان ہوکر بالآخر پولیس کے پاس پہنچ گئیں۔ خاتون نے بتایا کہ گزشتہ سال نومبر میں سمن سے علیحدگی کے فوراً بعد ہی پارسلز کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، جنہیں وہ اکثر بغیر ادائیگی کے واپس بھجوا دیتی تھیں۔
نادیہ کے مطابق متعدد مرتبہ ایمیزون اور فلپ کارٹ سے ان کے اکاؤنٹس معطل ہونے کے بعد انہیں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہوں نے ایف آئی آر درج کرائی۔
تحقیقات میں سامنے آیا کہ نادیہ کا پڑوسی اور سابق بوائے فرینڈ سمن سکندر ہی ان تمام آرڈرز کے پیچھے تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سمن نے اعتراف کیا کہ وہ بریک اپ کے بعد نادیہ کو مسلسل ہراساں کر رہا تھا اور پارسلز کے علاوہ اسے نامعلوم نمبرز سے کالز اور میسجز بھی کرتا رہا۔
سمن نے دورانِ تفتیش بتایا کہ نادیہ کو آن لائن شاپنگ کا شوق تھا اور وہ اکثر اس سے قیمتی تحائف کا تقاضا کرتی تھی، لیکن وہ یہ اخراجات برداشت نہیں کر سکتا تھا، جس کے باعث ان کے درمیان علیحدگی ہوئی۔ سمن کا کہنا تھا کہ یہی وجہ تھی کہ اس نے نادیہ کو “سبق سکھانے” کے لیے یہ حرکت کی۔
پولیس نے سمن سکندر کو ہراسانی اور سائبر جرائم کے تحت گرفتار کر لیا ہے اور تحقیقات مزید جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں