0

ضلع کرم میں قیامِ امن کی جانب بڑا قدم، بنکرز کی مکمل مسماری کے بعد اسلحہ جمع کرنے کا عمل شروع

پشاور: (نیا محاذ)ضلع کرم میں قیامِ امن، قبائلی ضلع کرم میں قیام امن کی کوششوں میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق علاقے میں قیام امن کے دوسرے مرحلے کے تحت تمام بنکرز کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بنکرز کی مسماری کے خلاف کسی بھی مزاحمت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی گئی، اور ضلع بھر کو بنکرز سے پاک کر دیا گیا ہے۔ یہ عمل امن کے قیام اور لوگوں میں اعتماد کی بحالی کے لیے نہایت ضروری سمجھا جا رہا تھا۔
اب اگلے مرحلے میں غیرقانونی اسلحہ جمع کرنے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام فریقین پہلے ہی اسلحہ جمع کروانے پر آمادگی ظاہر کر چکے ہیں۔ اس مہم کے دوران وہ تمام ہتھیار جو غیرقانونی طور پر مختلف افراد کے پاس موجود ہیں، سرکاری تحویل میں لیے جائیں گے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اسلحہ جمع کرنے کے اس مرحلے میں پولیس، مقامی عمائدین، لیویز فورس اور دیگر سیکیورٹی ادارے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ علاقے میں دیرپا امن کے لیے تمام اقدامات مقامی لوگوں کی مشاورت اور رضامندی سے کیے جا رہے ہیں۔
ضلع کرم، جو ماضی میں فرقہ وارانہ کشیدگی اور سیکیورٹی چیلنجز کا شکار رہا ہے، اب بتدریج ایک پرامن اور محفوظ مقام کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر ہتھیاروں سے پاک کر کے امن، تعلیم اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں