لاہور: (نیا محاذ) بیساکھی پنجاب کی ثقافت، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بیساکھی کے موقع پر سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ بیساکھی پنجاب کا خوبصورت زرعی اور ثقافتی تہوار ہے، جو نہ صرف خوشحالی کی علامت ہے بلکہ کسانوں کی محنت اور فصل کی کٹائی کی خوشی کا دن بھی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ “گندم کے سنہری خوشے بیساکھی کی خوشی کا پیغام لاتے ہیں، یہ دن ہمارے جفاکش کسانوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، جن کی کوششوں سے پنجاب کی زمین زرخیز اور خوشحال ہے۔”
انہوں نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ دنیا بھر میں سکھ برادری اس تہوار کو جوش و خروش سے منا رہی ہے۔ “میں اپنے سکھ بھائیوں اور بہنوں کو بیساکھی کی دل سے مبارکباد دیتی ہوں، ہم ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں،” وزیراعلیٰ کا کہنا تھا۔
مریم نواز نے ماضی کی ایک خوبصورت یاد بھی تازہ کرتے ہوئے کہا، “مجھے آج بھی پچھلے سال کرتارپور میں بیساکھی کے موقع پر گندم کی کٹائی کی خوشی یاد ہے، وہ لمحہ میرے دل میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔”
وزیراعلیٰ نے پنجاب کے کسانوں کے لیے اپنی حکومت کے اقدامات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ “مجھے فخر ہے کہ پہلی بار پنجاب میں گندم اگانے والے کسان بھائیوں کو ایک ہزار ٹریکٹر مفت دیے گئے۔ ہم نے کسانوں کو کھاد، بیج اور جدید زرعی آلات پر اربوں روپے کی سبسڈی دی تاکہ پنجاب زرعی ترقی میں سب سے آگے رہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کی خوشحالی ہی پنجاب کی خوشحالی ہے، اور ہماری حکومت کسان دوست پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے۔
