0

پی ایس ایل 10 کا شاندار آغاز، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ میں آج پہلا ٹاکرا

نیا محاذ – پی ایس ایل 10 ،سیٹی بج چکی، جوش و خروش عروج پر ہے، کیونکہ آج سے پاکستان سپر لیگ (PSL) سیزن 10 کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان شاندار مقابلہ ہوگا۔
افتتاحی تقریب شام 7 بجے شروع ہوگی، جس میں عابدہ پروین، علی ظفر، نتاشہ بیگ سمیت دیگر معروف فنکار پرفارم کریں گے، جبکہ آتش بازی اور جدید لائٹ ایفیکٹس تقریب کو یادگار بنائیں گے۔
کمنٹری اور ٹیکنالوجی میں نئی جہت
پی ایس ایل 10 کے دوران پہلی بار مکمل اردو کمنٹری کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ پلیئر ٹریکنگ ٹیکنالوجی، ریفل ٹکٹس، انعامات اور جدید براڈکاسٹنگ سسٹم کے ذریعے شائقین کو ایک نیا تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ 32 جدید کیمروں سے کی جانے والی کوریج دنیا بھر میں ڈیجیٹل اور ٹی وی چینلز پر نشر کی جائے گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ لاہور قلندرز
آج رات ساڑھے 8 بجے راولپنڈی میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی فاتح لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گی۔ اسلام آباد کی قیادت شاداب خان کریں گے، جبکہ لاہور قلندرز کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی کے سپرد ہوگی۔
شاداب خان کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2024 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ لاہور قلندرز نے 2022 اور 2023 میں ٹرافی جیتی۔
ٹیموں کی کارکردگی پر ایک نظر
اسلام آباد یونائیٹڈ: 100 میچز، 55 جیت، 44 ہار، 1 ٹائی
لاہور قلندرز: 94 میچز، 40 جیت، 51 ہار، 3 ٹائی
👑 کامیاب ترین کپتان کون؟
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان پی ایس ایل کے سب سے کامیاب کپتان ثابت ہوئے ہیں، جن کا جیت کا تناسب 66.66 فیصد ہے۔ انہوں نے 42 میں سے 29 میچز میں کامیابی حاصل کی۔
شاداب خان (اسلام آباد یونائیٹڈ): 62.3%
سرفراز احمد (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز): 58.1%
بابر اعظم (پشاور زلمی): 54.7%
سرفراز احمد کی ممکنہ واپسی
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈائریکٹر سرفراز احمد نے امکان ظاہر کیا ہے کہ وہ ایک بار پھر پی ایس ایل میں بطور کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو متوازن اور مضبوط قرار دیا، اور امید ظاہر کی کہ اس سیزن میں کوئٹہ کی فیلڈنگ اور مجموعی کارکردگی بہترین ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں