نیا محاذ – پاکستان اور عمان،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے سلطنت عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور سکیورٹی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی تعاون میں توسیع اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ اشتراک کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا.
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان عمان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافت اور تاریخی روابط پر مبنی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمان میں 3 لاکھ سے زائد پاکستانی شہری مقیم ہیں، جو وہاں کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ہنر مند افرادی قوت کو عمان بھجوایا جائے تاکہ دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے۔
عمانی سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ رشتہ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
