نیامحاذ : دہشتگردی پاکستان کی نہیں، پوری دنیا کی جنگ ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف پاکستان کی نہیں بلکہ پوری دنیا کی ذمہ داری ہے، عالمی برادری کو پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا ہوگا۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ایریک میئر کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تعلقات، انسداد دہشتگردی، اسمگلنگ اور انسداد منشیات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
🤝 دہشتگردی، انسداد منشیات اور باہمی تعاون پر گفتگو
ایریک میئر نے پاکستان کی جانب سے مطلوب دہشتگرد شریف اللہ کی گرفتاری میں تعاون پر شکریہ ادا کیا اور جعفر ایکسپریس پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے وفد کو بتایا کہ جون میں اسلام آباد میں مشترکہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کا انعقاد انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔
💼 پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ Pakistan Minerals Investment Forum 2025 امریکی سرمایہ کاروں کے لیے سنہری موقع ہے، امریکی کمپنیاں معدنیات کے شعبے میں بھرپور سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ اس موقع پر ایریک میئر نے فورم میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔
