0

3 سالہ بچے سے گولی چلنے کا ڈراپ سین، دراصل شوہر نے بیوی کو کیسے قتل کیا؟ تہلکہ خیز انکشافات

لاہور (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں 3 سالہ بچے کے ہاتھوں حادثاتی فائرنگ کا ڈرامہ آخرکار بے نقاب ہوگیا، جب پولیس کی تحقیقات میں یہ حقیقت سامنے آئی کہ خاتون کو شوہر نے قتل کیا اور الزام معصوم بچے پر ڈال دیا۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق، 36 سالہ مقتولہ ثناء کو گھر کے اندر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر شوہر احمد برہان نے پولیس کو یہ کہانی سنائی کہ ان کے 3 سالہ بیٹے سے غلطی سے گولی چل گئی، جس سے ثناء جاں بحق ہوگئی۔ تاہم، پولیس نے شک کی بنیاد پر شوہر کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے۔

پولیس کے مطابق، مقتولہ کے شوہر وجاہت نے گھریلو جھگڑے کے دوران غصے میں آ کر اپنی بیوی کو گولی مار دی۔ بعد ازاں گرفتاری کے بعد ملزم نے اعتراف جرم کر لیا، جبکہ آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پیشے کے اعتبار سے وکیل ہے اور مقتولہ سے اس کے دو بچے ہیں۔ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں