کراچی (نیوزڈیسک) شہر قائد کے علاقے کورنگی سے یکم فروری کو لاپتہ ہونے والی 13سال کی لڑکی نور زینب اپنی دوست کے گھر سے مل گئی۔پولیس کے مطابق نور زینب کورنگی 51 سی میں ایک گھر سے ملی ہے ، لڑکی اسکول سے واپسی پر اپنی دوست کے ساتھ اس کے گھر چلی گئی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق بچی کا کہنا ہے کی والدہ اس پر تشدد کرتی تھیں ، اس لیے وہ گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی ، بچی کی گمشدگی کا مقدمہ والد کی مدعیت میں زمان ٹاؤن تھانے میں درج کرایا گیا تھا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق زینب نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ اپنے گھر والوں کے ناروا سلوک سے تنگ تھی ، پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد بچی کو والدین کے حوالے کردیا ہے۔