0

راولپنڈی میں ای سی جی مشین کی چوری میں سرکاری ہسپتال کا ڈاکٹر ہی ملوث نکلا

راولپنڈی (ویب ڈیسک)تھانہ گوجرخان کے علاقے میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سے ای سی جی مشین کی چوری کا ڈراپ سین ہوگیا، ہسپتال کا اپنا ڈاکٹر ملوث نکلا، پولیس نے گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق 13 دسمبر کو تھانہ گوجرخان میں مقدمہ درج کراتے ہوئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرخان کے ایم ایس ڈاکٹر سرمد نے بتایا کہ ہسپتال سے ای سی جی میشن اور اس کی لیڈیز جنکی مالیت دو لاکھ سے زائد بنتی ہے چوری کرلی گئی ہیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی تو تفتیش کے دوران کڑیاں ہسپتال میں ہی تعینات ڈاکٹر تک جا پہنچیں، پولیس نے شواہد ملنے پر چھاپہ مارکر ڈاکڑ دانش کو گرفتار کرکے مشین برآمد کرلی۔پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ مشین چوری ہونے کی اطلاعات پھیلیں اور مقدمہ درج ہوا تو ڈاکٹر خاموش رہا، بعدازاں مشین اس کی گاڑی سے برآمد ہوئی۔

ایس پی صدر نبیل کھوکھر کا کہنا تھاکہ ملزم کتنا ہی شاطر ہو قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا، ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں