0

مذاکرات کی بیل چڑھتی نظر نہیں آ رہی، دعا ہے کامیاب ہو جائیں: شیخ رشید

راولپنڈی(نیا محاذ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مذاکرات کی بیل چڑھتی نظر نہیں آ رہی، دعا ہے کہ مذاکرات کامیاب ہو جائیں۔ نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اے ٹی سی راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے قوم میں ایک نئی روشنی پیدا ہوگی، مذاکرات کو مذاق کی رات نہ بنایا جائے، جیلیں آباد اور غریب لوگ برباد ہو رہے ہیں، چاہتے ہیں کہ مذاکرات سے جیلوں کے دروازے کھلیں اور جوڈیشل کمیشن بنے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی کہتا ہوں سیاسی قیدیوں کو معافی دی جائے، حکومتیں معافی دیتی ہیں، حکومت اس وقت عالمی دباؤ کا شکار ہے یہ نہ ہو معیشت مزید بیٹھ جائے، حکومت کے ساتھ عوام نہیں، آئندہ ہفتوں میں اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر اتنے کیسز بنا دیئے گئے کہ زندگی سے اکتاہٹ پیدا ہو چکی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سٹاک ایکسچینج کے بجائے کسی ریڑھی والے سے حالات پوچھیں، سٹاک ایکسچینج سیاست کی ایکسچینج ہے، ہماری انٹرنیشنل سطح پر فضا خراب ہو رہی ہے، حق میں کوئی گواہی نہیں دے رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں