اسلام آباد ( نیامحاذ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق اپنے ایک بیان میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کی جانب سے کمیٹی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ خوش آئند بات ہے، حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا نتیجہ خیز حل نکل آئے گا، دونوں کمییٹوں میں سنجیدہ لوگ ہیں، مذاکرات آگے ضرور بڑھیں گے، پر امید ہیں کہ اب مذاکراتی عمل شروع ہونے جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی تجویز پر پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ، سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان اور چودھری سالک حسین بھی کمیٹی کے رکن ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ رات چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے سپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی، بیرسٹر گوہر نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا تھا۔
0