نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت کے سٹار بیٹر ویرات کوہلی ایک بار پھر آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیند پر آؤٹ ہونے کے بعد تنقید کی زد میں آگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ان دنوں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈرگواسکر سیریز جاری ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹیسٹ گابا میں ہو رہا ہے۔آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 445 رنز بنائے جس کے جواب میں کھیل کے تیسرے روز بھارتی بیٹرز ایک بار پھر آسٹریلوی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار ہیں اور صرف 51 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔
کینگروز کے خلاف بھارتی ٹاپ آرڈر مسلسل مشکلات کا شکار ہے، وہیں اسٹار بیٹر ویرات کوہلی بھی سیریز میں ایک سنچری کے علاوہ کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہیں۔پیر کو تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ویرات کوہلی صرف 3 رنز پر ایک بار پھر آف اسٹمپ کی گیند پر کوور ڈرائیو مارنے کی کوشش میں وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا ہے۔
کوہلی کے اس بارڈر گواسکر ٹرافی میں سکور کچھ یوں 5، 100، 7، 11 اور 3 ہیں۔بار بار وکٹوں سے باہر جاتی گیند پر سلپ یا کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہونے پر سابق بھارتی کرکٹرز نے کوہلی پر تنقید کرتے ہوئے انہیں کچھ مشورے بھی دیے ہیں۔