0

ہمیں استعفیٰ دینے کیلئے کہا جارہاہے : اسد قیصر

اسلام آباد (نیا مھاذ )تحریک انصاف کے رکن اسد قیصر نے انکشاف کیا ہے کہ ہمیں استعفیٰ دینے کیلئے کہا جارہا ہے، کہہ رہے ہیں کہ اسپیکر سے بات کی گئی ہے آپ استعفیٰ دے دیں آپ کا استعفیٰ منظور کرلیا جائے گا۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر یاز صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ کس قانون کے تحت ایم این ایز کو تنگ کیا جارہا ہے، اراکین کو خود اسٹیبلشمنٹ حکومت اور انتظامیہ سے خطرہ ہے۔انکا کہنا تھا کہ زبردستی استعفٰی لیا گیا تو اسمبلی نہیں چلے گی، ہم نے ایوان میں خصوصی کمیٹی بنائی تھی اس کمیٹی نے ابھی تک کیا نتیجہ نکالا، پنجاب میں ہمارے اراکین کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کو تنگ کیا جا رہا ہے تو تحریک استحقاق لائیں۔ پنجاب میں جب ان کی حکومت تھی انہوں نے میسولینی اور ہٹلر والے کام کئے۔ اسد قیصر اچھے آدمی ہیں ان کے ساتھ غلط بیانی ہو رہی ہے۔

حنیف عباسی نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت نازک دور سے گزر رہے ہیں۔ سابق اسپیکر نے دو دن پہلے ا ایوان میں بات کی ہے وہ بہت الارمنگ ہے، لسانی یا صوبائیت کی بنیاد دشمن نے بھی پاکستان کے خلاف کام کیا ہے، افسوس سے کہنا پڑتا ہے ہمارے پی ٹی آئی کے اراکین بھی دشمن کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں، راولپنڈی کے کسی تھانے میں کوئی پختون بھائی بے گناہ بند ہوا تو میں ذمہ دار ہوں۔حنیف عباسی نے کہا کہ کبھی ایسا ہوا کہ کوئی اپنی امی کو ڈی چوک میں اکیلا چھوڑ کر بھاگ گئے ہوں، یہ لوگ جس کو ماں کا درجہ دیتے تھے اسے چھوڑ کر بھاگ گئے، آپ کا جب دل کرتا ہے آپ لوگ وفاق چڑھائی کرنے آ جاتے ہیں، کارکنوں کے مرنے کی جھوٹ پر مبنی افواہیں پھیلا رہے ہیں، بانی کا کیس اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا، اگر یہ کیس اپنے منطقی انجام تک نہ پہنچے تو پاکستان کے حالات بھی کوئی اچھے نہیں رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں